
ملائیکہ اروڑہ کی دوسری شادی کی خواہش، "محبت پر اب بھی یقین ہے”
ممبئی: بالی ووڈ اداکار، ماڈل اور ڈانسر ملائیکہ اروڑہ نے حالیہ انٹرویو میں دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بھی محبت پر یقین رکھتی ہیں اور کبھی دوسری شادی کو "نہ” نہیں کہا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 51 سالہ ملائیکہ سے جب ان کے ازدواجی مستقبل کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا:
"میں محبت پر یقین رکھتی ہوں، اور شادی کے لیے کبھی انکار نہیں کیا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ جب انہوں نے ارباز خان سے شادی کی تھی تو وہ بہت کم عمر تھیں، اور اب زندگی کے تجربات کے بعد وہ نوجوان لڑکیوں کو یہی مشورہ دیتی ہیں کہ:
"شادی کا فیصلہ جلد بازی میں نہ لیں، پہلے خود کو اور زندگی کو سمجھیں، پھر شادی کا سوچیں۔”
سوشل میڈیا پر بیان وائرل، ملا جلا ردعمل
ملائیکہ اروڑہ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کچھ صارفین نے ان کے خیالات کو سراہا جبکہ ناقدین کی جانب سے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
ماضی کے رشتے اور موجودہ صورتحال
واضح رہے کہ ملائیکہ اروڑہ نے اداکار ارباز خان سے 1998 میں شادی کی تھی اور یہ رشتہ 18 سال بعد 2017 میں طلاق پر ختم ہوا۔ اس کے بعد وہ اداکار ارجن کپور کے ساتھ تعلقات میں رہیں، تاہم ان کا یہ رشتہ بھی 2024 میں اختتام پذیر ہو گیا۔
دوسری جانب ارباز خان نے 2023 میں معروف میک اپ آرٹسٹ سے دوسری شادی کر لی تھی، جو ان کے مداحوں کے لیے خوشگوار حیرت بنی۔