اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب جیسی ہنگامی صورتحال میں بروقت الرٹس نہ ملنے کی بنیادی وجہ حکومتی غفلت ہے۔
اپنے ایک بیان میں اسد قیصر نے انکشاف کیا کہ 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے بعد ورلڈ بینک نے پاکستان کو موسمی ریڈارز کی تنصیب کے لیے خطیر فنڈز فراہم کیے، مگر تین سال گزرنے کے باوجود حکومت ٹینڈر کا عمل بھی مکمل نہ کر سکی۔
انہوں نے کہا، "حکومت کی مجرمانہ غفلت کے باعث عوام کو سیلاب کی بروقت اطلاع نہ مل سکی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان ہوا۔ یہ ایک قومی سانحہ ہے۔”
اسد قیصر نے مزید کہا کہ 2022ء کے بعد پاکستان کو عالمی اداروں اور ممالک کی جانب سے اربوں ڈالرز کی امداد ملی، لیکن بدقسمتی سے یہ فنڈز ان مستحق افراد تک نہیں پہنچ سکے جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔
پی ٹی آئی رہنما نے اعلان کیا کہ وہ اس سنگین معاملے کو پارلیمنٹ میں اُٹھائیں گے تاکہ ذمہ داران کو بے نقاب کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔





