اسلام آباد/پشاور: خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریسکیو اور ریلیف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ پاک فوج کے جوان ہر ممکن وسائل بروئے کار لاکر متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔
شانگلہ میں آرمی انجینئرنگ کور نے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند سڑک کو کھول دیا، جبکہ بونیر کے علاقوں میں جلد از جلد راستے کلیئر کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ افراد کی منتقلی، اور راشن و امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے۔
بونیر کے دیہات چوراک اور آدم خیل میں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جہاں متاثرین میں راشن کے تھیلے بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے دور افتادہ گاؤں ٹیرو (تحصیل پھنڈر) میں محصور متاثرین کے لیے پاک فوج نے فیلڈ اسپتال قائم کر دیا ہے جو 24 گھنٹے فعال ہے۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے چار شدید زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ میڈیکل کیمپوں میں خواتین، بچوں، زخمیوں اور مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
متاثرین نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "مصیبت کی اس گھڑی میں سب سے پہلے پاکستان آرمی ہی ہماری مدد کو پہنچی، جس پر ہم دل سے شکر گزار ہیں۔”
پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ:
"متاثرہ تمام افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی مکمل ہونے تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رہے گا، ہمارا عزم ہے کہ کوئی بھی شخص تنہا نہ رہے۔”





