اوورسیزتازہ ترین

خطے میں نئی سفارتی ہلچل، چینی وزیر خارجہ 21 اگست کو پاکستان کا اہم دورہ کریں گے

اسلام آباد / بیجنگ: چین کے وزیر خارجہ وانگ یی بھارت کے دورے کے بعد 21 اگست کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، جہاں وہ اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دورے کو موجودہ علاقائی اور عالمی تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیر خارجہ کے اس دورے کے دوران پاک چین اسٹریٹجک مذاکرات، دوطرفہ تعاون، خطے میں بدلتی جغرافیائی صورتحال، اور عالمی سیاسی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ دورہ ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ جنگ کے بعد خطے میں کشیدگی دیکھنے میں آئی، جبکہ جون میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بھی مسلح تنازعہ ہوا۔ ان دونوں واقعات کے بعد پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ایک نئی گرمجوشی دیکھی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں پاکستان کی کامیابی میں چین کی حمایت نے کلیدی کردار ادا کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا مقصد یہی سمجھا جا رہا ہے کہ وہ بدلتے حالات میں باہمی تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیں۔

اس دورے میں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے معاملات پر بھی بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم رواں ماہ کے آخر میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین جائیں گے، جہاں وہ چینی قیادت سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button