پاکستانتازہ ترین

ملک بھر میں مون سون کی شدت میں اضافہ، شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ

کراچی/اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی شدت میں آج سے نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں آج بارش کا امکان ہے۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات کے وقت ہلکی بوندا باندی ریکارڈ کی گئی، جبکہ خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب اور کشمیر میں بھی آج شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

ڈی آئی خان میں موسلادھار بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 22 اگست تک وقفے وقفے سے تیز اور موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جو مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا سبب بن سکتی ہیں۔

ادھر فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جبکہ گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی طرح دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔

محکمہ موسمیات اور فلڈ کنٹرول حکام نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے جبکہ عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button