
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر فیصل واؤڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف کی جانے والی ایک اور گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے، جس کی مکمل تفصیلات جلد عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
سینیٹر فیصل واؤڈا نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ کچھ سیاستدان، این جی اوز اور دیگر عناصر اپنے ذاتی مفادات کے لیے افواج پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، لیکن ہر بار کی طرح اس بار بھی افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ملک کو ایک بڑی دہشت گردی سے بچا لیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے خلاف سازش کرنے والے تمام کردار بے نقاب ہوں گے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ فیصل واؤڈا نے واضح کیا کہ ملک کی ترقی کے تسلسل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو اب برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سینیٹر نے مزید کہا کہ تمام سیاستدان اور متعلقہ حلقے اپنی روش درست کرلیں، ورنہ وہ عناصر جو خود کو ناقابلِ تسخیر سمجھتے ہیں، انہیں قانون اور ریاست کی رٹ کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔
فیصل واؤڈا نے اپنے پیغام کے آخر میں اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے الفاظ کو صحیح معنوں میں سمجھا جائے گا اور ہر فرد ملک کے مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دے گا۔