پاکستانتازہ ترین

مولانا طارق جمیل کی خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کیلئے دل کھول کر مدد کی اپیل

کراچی: معروف اسلامی مبلغ مولانا طارق جمیل نے خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بھرپور امداد کی اپیل کی ہے۔ کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کا سہارا بننا چاہیے۔

مولانا طارق جمیل نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خیبرپختونخوا میں شدید تباہی دیکھنے میں آئی ہے، اور یہ وقت ہے کہ ہم اسلامی اخوت اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔

تقریب میں معروف قومی کرکٹرز سرفراز احمد، عبدالرزاق، کامران اکمل سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانوں کو مشکلات میں صرف اپنے رب کو پکارنا چاہیے، کیونکہ وہی تمام مسائل کا حل نکالنے والا ہے۔ "رزق میں اضافہ اور کامیابی صرف اللہ کی رضا سے ہی ممکن ہے، محض عقل یا چالاکی سے نہیں،” مولانا نے واضح کیا۔

سوشل میڈیا کے مثبت استعمال پر زور دیتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو اس پلیٹ فارم کو خیر اور اصلاح کے پیغام کیلئے استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 1982 سے تبلیغ، حج اور عمرہ کے سلسلے میں سفر کر رہے ہیں، لیکن حالیہ فلائٹس کی منسوخی کے باعث پہلی بار کراچی آنے میں تاخیر ہوئی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کا انسان اپنی مرضی کی زندگی ایسے گزار رہا ہے جیسے اس کا کوئی خالق نہیں، اور دہریت کا رجحان بغیر کسی علمی بنیاد کے عام ہوتا جا رہا ہے۔

اختتام پر مولانا طارق جمیل نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی ایک امانت ہے، اس کی قدر کرتے ہوئے ہمیں آخرت کی تیاری کرنی چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے اور یہی کامیابی کا اصل راستہ ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button