لاہور (نیوز رپورٹر) – وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ پاک بھارت حالیہ جنگ کے دوران پاکستان نے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے، جن کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جنگ کے دوران اللہ کی غیبی مدد حاصل تھی اور ہمارے خفیہ ادارے بھارتی منصوبہ بندی سے پہلے ہی باخبر ہو جاتے تھے۔
لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ خود پاک بھارت جنگ کے کئی اہم واقعات کے عینی شاہد اور بعض میں براہِ راست شریک بھی رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی افواج نے نور خان ایئربیس کو نشانہ بنانے کے لیے 7 میزائل فائر کیے، مگر اللہ کے فضل سے تمام میزائل ایئربیس سے پہلے یا ادھر اُدھر گر گئے، جس کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ جواب میں پاکستان نے بھارت کے 36 اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے 6 طیارے مار گرائے، اور ان کارروائیوں کی ویڈیوز ثبوت کے طور پر موجود ہیں۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ سعودی عرب کا ایک وفد جنگ کے دوران پاکستان آیا، جو بھارت سے ہو کر آ رہا تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس جنگ کے پیچھے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نہیں بلکہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنگ کے دوران پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مکمل اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ ایک پیج پر تھیں۔
وزیر داخلہ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بہترین انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ بھارت بلوچستان میں کھلے عام دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، اور پاکستان اس سازش کو ہر سطح پر بے نقاب کرے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور ہم کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے، جب تک انہیں ان کا حق نہیں مل جاتا۔
اختتام پر انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کا کریڈٹ پاکستان کی مسلح افواج، فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور ان تمام افراد کو جاتا ہے جنہوں نے دباؤ کے باوجود بہادری سے قوم کی قیادت کی۔





