پاکستانتازہ ترین

خیبرپختونخوا میں ہنگامی اقدامات ، ریسکیو ریڈی! 176 یونٹس فعال، 1800 اہلکار سیلاب متاثرین کی مدد میں پیش پیش

پشاور: خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلابی صورت حال کے باوجود ریسکیو اور امدادی اداروں نے بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھیں، جس کے نتیجے میں سیکڑوں قیمتی جانیں بچالی گئیں۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو طیب عبداللہ کے مطابق صوبے بھر میں 176 ریسکیو یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں، جن میں دریاؤں کے کنارے 60 خصوصی ایمرجنسی پوائنٹس بھی شامل ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے فوری نمٹا جا سکے۔

ریسکیو اہلکاروں کی تعداد 1800 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 264 غوطہ خور ہمہ وقت خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈی جی ریسکیو نے بتایا کہ اب تک سیلاب میں پھنسے 510 افراد کو کامیابی سے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، جو ریسکیو اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مزید 60 ریسکیو اہلکاروں کو زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں بھیج دیا گیا ہے تاکہ وہاں امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکے۔

دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں تک امدادی سامان کی فراہمی تیزی سے جاری ہے۔ اب تک 54 ٹرکوں پر مشتمل ریلیف کا سامان بونیر روانہ کیا جا چکا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ بونیر کو 50 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں تاکہ فوری ضروریات پوری کی جا سکیں۔

یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ صوبائی حکومت اور امدادی ادارے عوام کی مدد اور بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ موجودہ چیلنجز کے باوجود ریسکیو ٹیموں کا جذبہ، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائیاں امید کی کرن ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button