
وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج اسکیم 2025 کے تحت حج درخواستوں کی وصولی میں ایک دن کی توسیع کر دی ہے۔ ترجمان وزارت کے مطابق نامزد بینکوں میں پیر، 18 اگست کو بھی درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 12 روز میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ سرکاری اسکیم کے تحت صرف 7 ہزار نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ توسیع صرف ایک روز کے لیے ہے اور یہ فیصلہ "پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق جیسے ہی دستیاب نشستیں مکمل ہوں گی، درخواستوں کی وصولی فوری طور پر بند کر دی جائے گی۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی درخواستیں جمع کروا دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔ وزارت نے تمام متعلقہ بینکوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ 18 اگست کو معمول کے اوقات میں حج درخواستیں وصول کریں۔