لاہور (نمائندہ خصوصی) – پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ملک کے بالائی علاقوں میں حالیہ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو متاثرہ عوام کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف آج جاتی عمرہ میں واقع نواز شریف کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے بڑے بھائی اور پارٹی قائد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال، بالخصوص حالیہ سیلاب اور اس کے اثرات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے نواز شریف کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں، متاثرہ خاندانوں کی بحالی، اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
میاں نواز شریف نے اس موقع پر ہدایت دی کہ حکومت متاثرین کی امداد میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھے، اور ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے تمام مراحل میں فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
نواز شریف نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں، اور متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے دل کھول کر تعاون کریں۔





