ملاکنڈ – ملاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلعی امیر مفتی کفایت اللّٰہ کے گھر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ مفتی کفایت اللّٰہ سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ حامد الرحمان کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ مفتی کفایت اللّٰہ کے بیٹے کی جانب سے پیش آیا، جس نے اپنے والد، بھائی عصمت اللّٰہ اور دو بہنوں پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں مفتی کفایت اللّٰہ کا ایک نوجوان بیٹا اور بیٹی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ مفتی کفایت اللّٰہ، ان کی اہلیہ اور ایک بیٹی زخمی ہوئیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق مفتی کفایت اللّٰہ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، جبکہ ان کی بیٹی زیرِ علاج ہے۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم سے تفتیش جاری ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
علاقے میں افسوس کی فضا قائم ہے، جبکہ مقامی علما و عوام نے اس اندوہناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔





