اسلام آباد:
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام باشعور، باہمت اور پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، اور ان کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی تاثرات حقیقت سے دور ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بات آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام جاری انٹرن شپ پروگرام کے دوران طلباء سے خصوصی نشست میں کہی، جہاں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے سوالات کا انہوں نے کھل کر اور محبت بھرے انداز میں جواب دیا۔
انہوں نے کہا:
"ہمارے ذہنوں میں یہ ڈال دیا جاتا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان سے دور ہوتے جا رہے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ بلوچ عوام پاکستان اور اپنے صوبے کے تعلق کو بہت گہرائی سے سمجھتے ہیں۔”
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بلوچستان کے شہید سپوت میجر محمد انور کاکڑ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف گوادر حملے میں دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے والا ہیرو تھا بلکہ اس دھرتی کا فخر بھی تھا۔
انہوں نے کہا کہ:
"دہشت گردی کے خلاف ہر کامیاب آپریشن تبھی ممکن ہوتا ہے جب عوام خود ان عناصر کی نشاندہی کریں۔ فوج صرف تب مؤثر ہو سکتی ہے جب مقامی آبادی تعاون کرے۔”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان میں تعلیم و ترقی کی روشنی پھیلانے والے نوجوانوں کا بھی ذکر کیا، جن میں کیمبرج یونیورسٹی کے مایہ ناز سائنسدان صمد یار جنگ، شاہ زیب رند اور ضلعوں میں تعینات بلوچ ڈپٹی کمشنر خواتین شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ:
"بلوچ نوجوان اپنی تقدیر کے خود مالک بن چکے ہیں۔ وہ نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے ملک کا مستقبل روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔”
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے زور دیا کہ پاکستان رنگ، نسل، زبان اور علاقے سے بالاتر ہو کر کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوا ہے، اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ نے بھی برابری کا پیغام دیا ہے۔
آخر میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بلوچ عوام اور صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک پائیدار امن قائم کرنا ہے، اور دشمن کے ایجنڈے کو ناکام بنانا ہے۔





