یاسر حسین کی عوام سے اپیل: "شادیوں کو آسان بنائیں، نوجوانوں پر بوجھ نہ ڈالیں”
اداکار و میزبان یاسر حسین نے حالیہ ایک پروگرام میں نوجوان نسل اور عوام کے دل کی بات کرتے ہوئے شادیوں کو سادہ اور آسان بنانے کی پرخلوص اپیل کی ہے۔
یاسر حسین نے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم نے خود ہی شادیوں کو اتنا مشکل اور مہنگا بنا دیا ہے کہ نوجوان نسل کے لیے یہ خوشی کا موقع ایک بوجھ بنتا جا رہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ "شادی ایک مقدس بندھن ہے، اسے سادگی سے انجام دینا چاہیے۔ قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں نکاح کریں اور ایک ولیمے کی تقریب رکھیں، بس۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے کئی دوست، جن کی شادیاں قریب ہیں، مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ "ان کے چہرے خوشی کے بجائے فکر سے بھرے ہوتے ہیں، کیونکہ وہ خرچوں کے بارے میں سوچ رہے ہوتے ہیں، نہ کہ ازدواجی زندگی کی شروعات کے بارے میں۔”
اس موقع پر معروف اداکار فیصل قریشی نے بھی اس بات کی تائید کی اور کہا کہ "آج کل ایک عام سی شادی بھی 50 لاکھ روپے میں ہو رہی ہے۔”
جس پر یاسر حسین نے برملا کہا: "اتنی بڑی رقم میں تو کوئی اچھا بزنس کیا جا سکتا ہے یا ایک اپارٹمنٹ خریدا جا سکتا ہے۔ ہمیں شادی کو ایک سادہ اور خوبصورت آغاز بنانا چاہیے، نہ کہ دکھاوے اور قرضوں کا بوجھ۔”
یاسر حسین کی یہ اپیل سوشل میڈیا پر بھی خوب سراہا جا رہا ہے، اور عوام میں شادیوں کی سادگی کے حوالے سے ایک مثبت سوچ کو فروغ دے رہی ہے۔





