
چین کا ایران پر پابندیوں کی مخالفت، اقوام متحدہ میں سفارتی حل پر زور
بیجنگ (بین الاقوامی رپورٹ) — چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ چین اقوام متحدہ میں ایران کے خلاف پابندیوں کی حمایت نہیں کرتا اور اس معاملے کا سیاسی اور پرامن حل چاہتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین ایران کے ایٹمی مسئلے کے پرامن حل کا حامی ہے اور سفارتی راستے کو ترجیح دیتا ہے۔
انہوں نے یورپی ممالک کی طرف سے اگست تک ایران پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:
"چین ایران کے خلاف اقوام متحدہ میں پابندیوں کے حق میں نہیں ہے اور اس مسئلے کا سیاسی اور پرامن حل چاہتا ہے۔”
چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران پر پابندیاں عائد کرنے سے فریقین کے درمیان اعتماد متاثر ہوگا، جو کہ تنازعہ کے حل کے لیے نقصان دہ ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ چین خطے میں امن و استحکام اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کے اصولوں کی حمایت جاری رکھے گا۔