اسلام آباد: خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں ہونے والی 14 اور 17 اگست کی تقریبات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی خصوصی ہدایت پر ایف نائن پارک میں منعقد ہونے والا "معرکۂ حق” اور جشنِ آزادی کا پروگرام ملتوی کر دیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ سیلاب متاثرین سے اظہارِ ہمدردی اور یکجہتی کے لیے کیا گیا ہے تاکہ ریلیف سرگرمیوں پر بھرپور توجہ مرکوز رکھی جا سکے۔
قومی سانحہ، 250 سے زائد جانیں ضائع
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے شدید تباہی مچائی ہے۔ اب تک 250 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جن میں سے 200 سے زیادہ اموات خیبر پختونخوا میں رپورٹ ہوئی ہیں۔ ضلع بونیر قدرتی آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 150 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کئی افراد تاحال لاپتا
ریسکیو اداروں کے مطابق کئی افراد تاحال لاپتا ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔ حکومت اور فوج سمیت تمام ادارے ریلیف، ریسکیو اور بحالی کے عمل میں مصروف ہیں۔
قوم کا ساتھ، دکھ کی اس گھڑی میں
حکومت نے اس اقدام کو ایک قومی جذبے کا مظہر قرار دیا ہے، تاکہ پوری قوم ان متاثرین کے دکھ میں شریک ہو اور تمام وسائل کو انسانی جانیں بچانے اور متاثرین کی مدد پر مرکوز رکھا جا سکے۔





