
راولپنڈی: خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے پاک فوج نے بھرپور اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خصوصی ہدایات پر پاک فوج نے انسانیت دوستی کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے ایک دن کی تنخواہ عطیہ کرنے کے ساتھ ساتھ تقریباً 600 ٹن راشن سیلاب متاثرین کے لیے مختص کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اقدام متاثرہ عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور ان کی فوری مدد کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ راشن، ادویات، اور بنیادی ضروریات کی اشیاء پر مشتمل امدادی سامان جلد متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے دستے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں سرگرم عمل ہیں۔ دور دراز علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ، وہاں میڈیکل کیمپس اور خوراک کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سیلاب متاثرین نے پاک فوج کے اس جذبہ خیرسگالی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدامات ان کے مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں گے۔