پاکستانتازہ ترین

ریلیف ترجیح، سیاست بعد میں،، وزیراعظم کا ٹیلیفونک رابطہ اور ہنگامی سیل کا قیام،خیبرپختونخوا میں امداد کیلئے فوری اقدام

اسلام آباد: خیبرپختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے این ڈی ایم اے کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ امدادی کارروائیوں کی نگرانی اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطے میں ہر ممکن امداد کا یقین دلایا اور متاثرین سے بھرپور اظہارِ ہمدردی کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے اور دیگر ادارے متحرک ہو چکے ہیں، اور ریسکیو آپریشن میں تیزی آ گئی ہے۔ وزیراعظم نے تین بار این ڈی ایم اے کا دورہ کر کے خود امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، جس سے حکومتی سنجیدگی اور عوامی فلاح کے لیے عزم واضح ہوتا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں خیمے، ادویات، خوراک اور دیگر امدادی اشیاء فوری طور پر بھیجی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے خیبرپختونخوا حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں اور انسانی جانوں کو بچانے کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد اور سیاحوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا، "مشکل کی اس گھڑی میں قوم متاثرہ بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور وفاقی حکومت ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔”

یہ اقدامات اس بات کا مظہر ہیں کہ حکومت نہ صرف صورت حال سے پوری طرح آگاہ ہے بلکہ بروقت اور مؤثر فیصلے بھی کر رہی ہے تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button