
پشاور / مہمند – خیبرپختونخوا حکومت کا امدادی مشن پر مامور MI-17 ہیلی کاپٹر ضلع مہمند میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں دو پائلٹس سمیت عملے کے تمام پانچ افراد شہید ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، ہیلی کاپٹر پشاور سے بارش سے متاثرہ ضلع باجوڑ کے علاقے سالارزئی میں امدادی سامان لے کر جا رہا تھا۔ دورانِ پرواز مہمند کی فضائی حدود میں داخل ہونے پر خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے مطابق، ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ ہیلی کاپٹر چینگی بانڈہ کے مقام پر گر کر تباہ ہوا۔ مقامی افراد کے مطابق، حادثے کے مقام کے قریب زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو روانہ کیا گیا۔ دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہیلی کاپٹر میں سوار عملے نے دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں، ان کی قربانی کو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔”
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت حادثے پر کل ایک روزہ سوگ منائے گی اور صوبے بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ شہداء کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
ریسکیو کارروائیوں کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ حکومت نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔