
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ایک اور بڑا اعزاز حاصل ہوا ہے، جاپان کی حکومت نے انہیں ایک خصوصی سرکاری دورے کی دعوت دی ہے۔ وہ جاپان کا پانچ روزہ تاریخی دورہ کرنے والی پاکستان کی پہلی وزیراعلیٰ بن گئی ہیں۔
مریم نواز اپنے وفد کے ہمراہ لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوئیں، جہاں اعلیٰ حکام نے انہیں پروٹوکول کے ساتھ رخصت کیا۔ وفد میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، وزراء ملک صہیب بھرت، ذیشان رفیق، معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران شامل ہیں۔
اپنے دورہ جاپان کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز ٹوکیو، اوساکا اور یاکوہوما کا دورہ کریں گی۔ وہ اوساکا میں ہونے والے عالمی نمائش "ورلڈ ایکسپو” میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
اس دورے کے دوران مریم نواز جاپان کے اعلیٰ حکومتی و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی، جبکہ مختلف جاپانی اداروں کا وزٹ بھی ان کے شیڈول کا حصہ ہے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
یہ دورہ نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے، جو عالمی سطح پر صوبائی قیادت کے مثبت امیج کو اُجاگر کرے گا۔