گوشت اور ڈیری کھپت میں کمی سے کینسر کا خطرہ 25 فی صد تک کم ہو سکتا ہے، سائنس دانوں کا انکشاف
نیویارک (ہیلتھ ڈیسک) — سائنس دانوں نے ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ گوشت اور ڈیری غذاؤں کی کھپت میں کمی کینسر کی مہلک اقسام کے خطرات کو 25 فی صد تک کم کر سکتی ہے۔
تقریباً 80 ہزار افراد پر مبنی اس طویل مدتی تحقیق میں یہ پایا گیا کہ جو افراد زیادہ تر سبزیوں پر مشتمل غذا استعمال کرتے ہیں، ان میں کینسر کا خطرہ گوشت کھانے والوں کی نسبت کہیں کم ہوتا ہے۔
تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے شمالی امریکا میں سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ کے ممبران کا آٹھ برس تک طبی معائنہ کیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ ان افراد میں مجموعی طور پر کینسر کا خطرہ 12 فی صد تک کم تھا۔
مزید اعداد و شمار کے مطابق:
کولوریکٹل (آنتوں) کینسر کا خطرہ 21 فی صد کم پایا گیا
معدے کا کینسر 45 فی صد کم
لمفوما (خون کا کینسر) 25 فی صد کم
تحقیق میں مختلف اقسام کے سبزی خور افراد کا موازنہ بھی کیا گیا۔
لیکٹو-اوو سبزی خور (جو ڈیری مصنوعات اور انڈے کھاتے ہیں) میں خون کے کینسر کی شرح نمایاں طور پر کم تھی۔
جبکہ پیسکاٹیرینز (جو گوشت میں صرف مچھلی کھاتے ہیں) میں کولوریکٹل کینسر کے خطرات کم دیکھے گئے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ بریسٹ کینسر اور کم عمر مردوں میں پروسٹیٹ کینسر کی شرح سبزی خور افراد میں نسبتاً کم دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن، سبزیوں پر مشتمل غذا نہ صرف صحت مند زندگی کی ضامن ہے بلکہ یہ کینسر جیسے مہلک مرض سے بچاؤ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔





