
سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے پہلی شادی کے اختتام پر برسوں بعد بے باک انکشافات کر دیے
کراچی (نیوز ڈیسک) — معروف سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی پہلی شادی کے اختتام اور طلاق کے پیچھے چھپی وجوہات پر برسوں بعد پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بتایا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے نہیں بلکہ دل کی الجھنوں اور وقت کی نزاکت کی وجہ سے انہوں نے طلاق کا فیصلہ تاخیر سے کیا۔
بشریٰ نے کہا، "میں محبت کی بہت زیادہ ڈسی ہوئی ہوں، یہ ایک ایسی بیماری ہے جو انسان کو جلدی کمزور کر دیتی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ان کی بیٹیاں بھی بڑی ہو رہی تھیں، اس لیے طلاق لینے میں ہچکچاہٹ محسوس کی کیونکہ جلد بازی میں کوئی بڑی غلطی ہو سکتی تھی۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ اگر انہوں نے کم عمری میں طلاق کا فیصلہ کیا ہوتا تو ممکن تھا کہ وہ غلط شخص کے ساتھ دوسری شادی کر لیتی۔ بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ شادی جیسے رشتے کو سمجھنے اور پرکھنے کے لیے وقت دینا چاہیے، اور چھوٹے چھوٹے اختلافات کی بنیاد پر فوری طلاق لینا مسئلہ کا حل نہیں۔
تاہم، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر طویل انتظار کے بعد بھی کوئی بہتری نہ آئے تو پھر رشتہ کو زبردستی نہیں چلانا چاہیے۔
یاد رہے کہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی معروف پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تھی جو 36 سال بعد طلاق پر ختم ہوئی۔ دوسری شادی انہوں نے ڈراما نگار اقبال حسین سے کی، جس کا اعتراف انہوں نے مئی 2023 میں کیا تھا، مگر شادی کی صحیح تاریخ آج تک راز بنی ہوئی ہے۔