پاکستانتازہ ترین

اسلام آباد میں یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی فتح کی شاندار مرکزی تقریب، مسلح افواج کا زبردست مارچ پاسٹ، "آرمی راکٹ فورس کمانڈ” کے قیام کا اعلان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)
یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی عظیم فتح کی مناسبت سے اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں شاندار مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے، جب کہ وفاقی کابینہ کے ارکان، پارلیمنٹ کے اراکین، غیر ملکی سفارتکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی اس تاریخی موقع کی گواہ بنی۔

مرکزی تقریب میں تینوں مسلح افواج پر مشتمل بینڈز نے زبردست مارچ پاسٹ پیش کیا۔
پاک آرمی، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، پنجاب رینجرز، اور ایف سی خیبرپختونخوا کے چاق چوبند دستے مارچ پاسٹ میں شریک ہوئے، جب کہ اسپیشل سروسز گروپ (SSG) کے کمانڈوز نے اپنی مخصوص مہارتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔

تقریب کی خاص بات ترکیہ اور آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستوں کی شرکت تھی، جنہوں نے پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا اور دونوں برادر ممالک کے عوام کی جانب سے یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

"یادگارِ معرکہ حق” کا ماڈل، ایک نئی علامت

وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب کے دوران "یادگارِ معرکۂ حق” کے ماڈل کی نقاب کشائی کی، جسے ملکی دفاع، قومی قربانیوں اور حالیہ تاریخی کامیابی کی ایک روشن علامت قرار دیا گیا۔

وزیرِ اعظم کا تاریخی اعلان: "آرمی راکٹ فورس کمانڈ” کا قیام

اپنے ولولہ انگیز خطاب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے "آرمی راکٹ فورس کمانڈ” کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا:

"یہ فورس پاکستان کی جنگی صلاحیت میں ایک نیا اور اہم سنگ میل ہے، جو دشمن کو ہر سمت سے نشانہ بنانے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔”

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی خودمختاری، دفاع اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور پوری قوم متحد ہو کر اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دے گی۔

اسلام آباد کی یہ تاریخی تقریب اس بات کا اعلان تھی کہ پاکستان نہ صرف اپنے ماضی پر فخر کرتا ہے بلکہ اپنے مستقبل کو محفوظ، مضبوط اور جدید دفاعی طاقت سے روشن بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button