پاکستانتازہ ترین

بھارت کے خلاف تاریخی فتح اور 79واں جشنِ آزادی: ملک بھر میں خوشیوں کی لہر، ہر گلی، ہر شہر قومی رنگوں میں رنگ گیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)
پاکستان بھر میں آج 79واں یومِ آزادی بے مثال قومی جوش و جذبے اور حالیہ معرکۂ حق میں تاریخی کامیابی کی خوشی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
بھارت کے خلاف حالیہ تاریخی فتح نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دوچند کر دیا ہے، اور ہر گلی، ہر محلہ قومی پرچم کے رنگوں میں نہا گیا ہے۔

جشن آزادی کا آغاز نمازِ فجر میں ملک کی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اس سے قبل رات بارہ بجتے ہی کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں زبردست چراغاں، آتش بازی اور ریلیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ نوجوان، بچے، بزرگ سب ہی قومی پرچم، جھنڈیاں اور سبز و سفید رنگ کی ملبوسات پہن کر سڑکوں پر نکل آئے۔ گلیاں، بازار، چوراہے، عمارتیں اور شاہراہیں روشنیوں سے جگمگا اٹھیں۔

جشنِ آزادی کے موقع پر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورت انداز میں سجایا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ سمیت ملک کی اہم عمارتیں سبز و سفید روشنیوں سے روشن کر دی گئیں، جو ایک نیا ولولہ اور قومی فخر کا احساس لیے ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی میں تاریخی قرارداد کی منظوری

ادھر، بدھ کے روز قومی اسمبلی میں یومِ آزادی اور حالیہ معرکۂ حق پر ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں شہداء اور مجاہدین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت ہر قیمت پر کرے گا، اور کوئی طاقت قوم کے اتحاد اور عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔

تاریخی کامیابی کے سائے میں منایا گیا یہ یومِ آزادی صرف ایک قومی دن نہیں، بلکہ ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان نہ صرف ایک زندہ قوم ہے، بلکہ اپنے دفاع، خودداری اور امن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button