
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے 14 اگست کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ آزادی صرف خوشی کا دن ہی نہیں بلکہ یہ ہمیں اُن قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد ریاست کے حصول کے لیے دیں۔
اپنے خصوصی پیغام میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ "ہمارے بزرگوں اور قائدین نے گھربار، جائیدادیں اور حتیٰ کہ اپنی جانیں قربان کیں تاکہ ہم ایک ایسی خودمختار مملکت میں سانس لے سکیں جہاں دین، ثقافت اور روایات کے مطابق زندگی گزارنا ممکن ہو۔”
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک متحد اور پرعزم قوم کسی بھی چیلنج کا سامنا کر کے ہر منزل حاصل کر سکتی ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا قیام علامہ محمد اقبالؒ کے خواب کی تعبیر اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی دلیرانہ قیادت کا نتیجہ ہے۔ 14 اگست 1947ء کو پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر اُبھرا، جو تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی ایک بے مثال نعمت ہے جس کی حفاظت، بقاء اور استحکام ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام پارلیمنٹیرینز سے اپیل کی کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالا ہو کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خلوصِ نیت سے اپنا کردار ادا کریں۔
چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل تبھی ممکن ہے جب ہم سب مل کر اپنے وطن کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔