پاکستانتازہ ترین

ملک بھر میں 78واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

پاکستان بھر میں 78واں جشنِ آزادی شاندار جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ رواں سال کی تقریبات کو "معرکۂ حق کی عظیم فتح” سے منسوب کیا گیا ہے، جس کا مقصد قوم کے حوصلے، اتحاد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

جیسے ہی رات 12 بجے، یومِ آزادی کا آغاز ہوا، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں فضا "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ شہری سڑکوں پر اُمڈ آئے، ریلیاں نکالی گئیں، ثقافتی تقریبات منعقد ہوئیں، اور نوجوانوں نے ملی نغموں کی دھنوں پر ڈھول کی تھاپ کے ساتھ رقص کیا۔

یومِ آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

ملک بھر میں سرکاری و نجی عمارتوں، سڑکوں اور شاہراہوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے خوبصورتی سے سجا دیا گیا، جبکہ رات 12 بجتے ہی آسمان رنگ و نور سے جگمگا اُٹھا۔ بچوں، بڑوں، خواتین و نوجوانوں نے قومی پرچموں، بیجز اور قومی لباس کے ساتھ جشنِ آزادی میں بھرپور شرکت کی۔

ملک کے مختلف شہروں میں جشن آزادی کے سلسلے میں ریلیاں، جلوس اور میوزیکل شوز کا انعقاد کیا گیا، جہاں بانیان پاکستان کو خراجِ تحسین اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

یومِ آزادی کی مرکزی تقریب مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی سے ہوئی۔ بعدازاں، مختلف سیاسی، سماجی اور عسکری رہنماؤں نے مزار پر حاضری دی اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت و قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ایک شاندار دفاعی نمائش کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں عوام کے لیے داخلہ کھلا رکھا گیا ہے تاکہ وہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو قریب سے دیکھ سکیں۔

قوم نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع، سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، اور اگر بھارت یا کسی بھی دشمن نے جارحیت کی کوشش کی تو پوری قوم متحد ہو کر بھرپور جواب دے گی۔

دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی آج کا دن ملی جوش و جذبے سے منائیں گے، جب کہ پاکستان کے سفارت خانوں میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button