
دبئی: دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا بھر کے مسافروں کے لیے ایک مصروف اور منظم ہوائی جہاز اسٹیشن ہے جہاں ہر وقت رش رہتا ہے، مگر اس کے باوجود یہاں سخت حفاظتی قوانین پر عمل درآمد کیا جاتا ہے تاکہ ہر مسافر بغیر کسی پریشانی کے اپنی منزل پر پہنچ سکے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، دبئی ایئرپورٹ پر حکام نے ممنوعہ اشیاء کی ایک جامع فہرست تیار کی ہے جس پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔ اس فہرست میں شامل اشیاء کو مسافروں کے ہینڈ بیگ یا سامان میں لے جانا سختی سے منع ہے، جبکہ کچھ اشیاء کی مقدار بھی محدود ہے۔
ممنوعہ اشیاء کی اہم فہرست:
چھری، چاقو، ہتھوڑے، کیل، اسکریو ڈرائیور، تیز دھار آلات، بلیڈ، اور ہر قسم کی قینچی
ہتھکڑیاں، اسلحہ، لیزر گن، واکی ٹاکیز، مارشل آرٹ کا سامان
رسیاں، نانپنے والا ٹیپ، لائٹر، پیکنگ ٹیپ، الیکٹریکل کیبلز
دیگر اہم ہدایات:
مسافروں کو دھاتی زیورات اور اشیاء پہننے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ سیکیورٹی اسکریننگ میں وقت ضائع نہ ہو۔
ایک مسافر اپنے ذاتی موبائل فون کے علاوہ زیادہ سے زیادہ 15 فون لے جا سکتا ہے، جو لازماً مینوفیکچرر کی پیکنگ میں ہونے چاہیے، ورنہ ضبطی ہو سکتی ہے۔
دوا کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ڈاکٹر کا نسخہ یا سرٹیفکیٹ ساتھ رکھیں۔
دبئی ایئرپورٹ حکام کی طرف سے یہ ہدایات مسافروں کی سہولت اور سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کی گئی ہیں تاکہ ہر فرد اپنی پرواز کے عمل کو آسانی اور تیزی سے مکمل کر سکے۔