
نیویارک: فرانس، جرمنی اور برطانیہ پر مشتمل ای تھری گروپ کے ارکان نے اقوامِ متحدہ کو خط لکھ کر ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی مذاکرات معطل ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خط میں ای تھری گروپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران اگست کے اختتام تک مذاکرات کی میز پر واپس نہیں آتا تو وہ پابندیوں کی بحالی کے اقدامات شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ای تھری گروپ کے وزرائے خارجہ نے اقوامِ متحدہ کو آگاہ کیا ہے کہ ایران نے جوہری معاہدے میں توسیع کے موقع سے فائدہ نہ اٹھایا تو اسنیپ بیک میکنزم کو متحرک کرنے کا آپشن زیرِ غور ہے۔
یہ خط عالمی برادری کو ایران کے ساتھ سفارتی حل کی آخری فرصت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاکہ خطے میں تناؤ کو کم کیا جا سکے اور جوہری معاہدے کی حفاظت کی جا سکے۔