
اسلام آباد: موسم ایک بار پھر خوشگوار ہونے کو ہے! محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے، جو گرمی سے ستائے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
کراچی اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش یا بونداباندی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو موسم کو خوشگوار بنائے گی۔
مون سون کا ساتواں اسپیل بھی خوشخبری کے ساتھ دستک دینے کو ہے، جو 13 اگست سے ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ لے کر آئے گا۔
دریائے چناب میں سیلاب کا خدشہ، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
دوسری جانب بھارتی ڈیموں سے پانی کے اخراج اور حالیہ بارشوں کے نتیجے میں دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، اور قادرآباد بیراج پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آئندہ 12 گھنٹوں میں دریائے چناب اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری طور پر خطرناک علاقوں کا رخ نہ کریں۔