
"کالج میں شاہ رخ خان کی جونیئر تھی، اب ان کی ماں بنی ہوں” — شیبا چڈھا کا انوکھا انکشاف
ممبئی: بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ شیبا چڈھا نے حال ہی میں اپنے کیریئر اور شاہ رخ خان کے ساتھ تعلق پر دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ دہلی کے کالج میں شاہ رخ خان کی جونیئر تھیں، مگر بالی ووڈ میں انہوں نے "کنگ خان” کی ماں کے کردار ادا کیے ہیں۔
شیبا چڈھا نے اپنی پہلی فلم "دل سے” کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس فلم میں ان کا کردار مختصر تھا، لیکن ایک دلچسپ موقع تب آیا جب اداکارہ منیشا کوئرالہ کسی مصروفیت کے باعث ایک سین نہیں کر سکیں، تو شیبا کو منیشا کے کپڑے پہن کر وہ سین مکمل کرنا پڑا۔
شاہ رخ کے ساتھ ’ماں بیٹے‘ کا رشتہ
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ 2017 کی فلم "رئیس” اور 2018 کی فلم "زیرو” میں ان کی والدہ کا کردار ادا کیا، حالانکہ حقیقت میں شاہ رخ خان ان سے صرف آٹھ سال بڑے ہیں۔
شیبا کا کہنا تھا:
"کالج میں وہ میرے سینئر تھے، لیکن فلموں میں میں نے ان کی ماں کا کردار نبھایا۔”
"بالی ووڈ میں عمر کی کوئی منطق نہیں”
شیبا چڈھا نے بالی ووڈ میں خواتین فنکاروں کو دیے جانے والے کرداروں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ:
"یہ عجیب ہے کہ 30 سالہ خواتین کو ایسے اداکاروں کی ماں بنا دیا جاتا ہے جو ان سے صرف 10 سے 12 سال چھوٹے ہوتے ہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں یہ بات عجیب لگتی تھی، لیکن وقت کے ساتھ انہوں نے اسے قبول کر لیا کیونکہ ان کے نزدیک "کام ہی سب کچھ ہے”۔
شیبا چڈھا کو بالی ووڈ کی ان چند اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے معاون کرداروں میں بھی گہرا تاثر چھوڑا۔ ان کا کام نہ صرف فلموں بلکہ ویب سیریز اور تھیٹر میں بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے۔