گلگت (نیوز رپورٹر) – گلگت کے علاقے دنیور نالے میں افسوسناک لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 8 مقامی رضاکار جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رضاکار سیلاب سے متاثرہ واٹر چینل کی بحالی کے کام میں مصروف تھے۔
پولیس کے مطابق، مقامی رضاکار متاثرہ علاقے میں بحالی کے کام میں مصروف تھے کہ اچانک پہاڑی تودہ ان پر آ گرا۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق تین زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ 8 رضاکاروں کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے کے مختلف اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور حکام کی جانب سے علاقے میں مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے اور متاثرین کے لیے ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔





