واشنگٹن ڈی سی (نمائندہ خصوصی) — فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت اب بھی خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے پر بضد ہے، تاہم پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔ انہوں نے یہ بات اپنے حالیہ دورۂ امریکہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی عزت و وقار کا سرچشمہ ہیں اور پاکستان کے سفیر کے طور پر دنیا بھر میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کو "برین گین” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
بھارت کی دوغلی پالیسیاں بے نقاب
فیلڈ مارشل نے بھارت کی خفیہ ایجنسی "RAW” کی سرگرمیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی ٹرانس نیشنل دہشتگردی عالمی تشویش کا باعث بن چکی ہے۔ انہوں نے کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل، قطر میں بھارتی نیول افسران کے معاملے اور کلبھوشن یادیو جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی امتیازی پالیسیوں کے خلاف ایک کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے، اور حالیہ بھارتی اشتعال انگیزی نے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا۔ پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کو بڑھنے سے روکا، تاہم اپنی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا۔
کشمیر، پاکستان کی شہ رگ
سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادیں آج بھی اس مسئلے پر موجود ہیں، اور پاکستان ان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
سٹریٹجک تعلقات اور معاشی تعاون پر زور
فیلڈ مارشل نے کہا کہ امریکا کے ساتھ اُن کے حالیہ اور پچھلے دوروں کے درمیان صرف ڈیڑھ ماہ کا وقفہ تعلقات کی نئی جہت کا مظہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا، چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ کئی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر کام جاری ہے جو معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کا باعث بنیں گے۔
دہشتگردی کے خلاف پاکستان آخری فصیل
انہوں نے افغانستان سے آنے والی دہشتگرد تنظیموں، خصوصاً "فتنہ الخوارج”، کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت دہشتگردی کے خلاف آخری فصیل ہے۔ دہشتگردوں کو کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
سوشل میڈیا، نئی نسل اور قومی بیانیہ
فیلڈ مارشل نے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک طاقتور ذریعہ ہے، مگر ملک دشمن عناصر اسے انتشار پھیلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے قرآن پاک کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی خبر پر یقین کرنے سے پہلے تحقیق کر لینا ضروری ہے تاکہ نادانستہ کسی کو نقصان نہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی سوچ اور ترجیحات کو سمجھنا وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جن کی صلاحیتیں ملک کا اصل سرمایہ ہیں۔
قوم کو نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام
خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے کہا کہ اب سوال یہ نہیں کہ "اگر ہم اٹھیں گے؟” بلکہ سوال یہ ہے کہ "کتنی جلدی اور کتنی قوت سے اٹھیں گے؟”۔ انہوں نے قوم کو دعوت دی کہ وہ اپنے آباؤ اجداد کی میراث کو اپناتے ہوئے نئی امید، ولولے اور اتحاد کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔





