پاکستانتازہ ترین

پاکستان میں آئین و قانون ختم، مینڈیٹ چوری اور انتقامی کارروائیاں جاری، علی امین گنڈاپور کا مؤقف

پشاور (ویب ڈیسک) — وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی ہے، عوامی نمائندوں کو بلاجواز نا اہل کر کے ان کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دوران پورے ملک میں پی ٹی آئی سے مینڈیٹ چوری کیا گیا۔

علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ فارم 47 کی بنا پر غیر جمہوری حکومت ہم پر مسلط کی گئی ہے اور سابق حکومتوں کی کرپشن کو ہمارے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان سکینڈل صوبے کا نہیں بلکہ وفاق کا مسئلہ ہے، مگر غلط طور پر اس کا الزام ان پر ڈالا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ 17 ماہ میں خیبرپختونخوا نے 250 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل کر کے ایک تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو قرضوں کے بوجھ تلے دبے اور مالی بحران کا شکار حالت سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے۔ صوبے میں قرضوں کی ادائیگی کے لیے 190 ارب روپے کا اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کا ہدف 300 ارب روپے ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک بھر میں شفافیت، خدمت اور ترقی کے حوالے سے مثال بن چکا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کا اعتماد بحال کرنا حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ جرگوں کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ عوام کی رائے کو فیصلہ کن بنایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس اور فوج کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی مشاورت اور جرگوں کی رائے سے مضبوط حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ رجیم چینج کے بعد پی ٹی آئی حالت جنگ میں ہے اور ریاست مخالف قوتیں متحرک ہو گئی ہیں، تاہم وہ ڈٹ کر ان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان اور آزادی کی جنگ ہے جس میں وہ آخری دم تک لڑیں گے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button