واشنگٹن: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا کا کامیاب سرکاری دورہ مکمل کر لیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے دورۂ امریکا کے دوران امریکی محکمہ دفاع، سینٹکام اور دیگر اعلیٰ اداروں کے حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں دفاعی تعاون، خطے کی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ٹیمپا، فلوریڈا میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے کمانڈر جنرل مائیکل کریلا کی ریٹائرمنٹ کی تقریب میں خصوصی شرکت کی، اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں ایڈمرل بریڈ کوپر نے نئی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
فیلڈ مارشل نے جنرل کریلا کی جانب سے پاکستان اور امریکا کے درمیان عسکری تعاون کو مضبوط بنانے میں ادا کی گئی خدمات کو سراہا، اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور اشتراک کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی سے بھی ملاقات کی، جہاں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار اور پاکستان کے لیے ان کی خدمات کی تعریف کی۔
یہ دورہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے۔





