پاکستانتازہ ترین

پاکستان کا بھارت کے بے بنیاد دعووں پر دوٹوک ردعمل – سچ سامنے لانے کا چیلنج

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل اے پی سنگھ کے حالیہ بیانات کو حقائق کے منافی، غیر ذمہ دارانہ اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مؤثر انداز میں مسترد کر دیا ہے۔ بھارتی ایئرچیف نے ایک تقریب میں "آپریشن سندور” کے دوران چھ پاکستانی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا، جسے پاکستان نے "مضحکہ خیز” اور زمینی حقائق سے متصادم قرار دیا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا کہ بھارتی سیاسی قیادت کی اسٹریٹجک ناکامیوں کا ملبہ مسلح افواج پر ڈالنے کی کوششیں نا صرف شرمناک ہیں بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی خطرناک ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف فوری طور پر بین الاقوامی میڈیا اور غیرجانب دار ماہرین کو تکنیکی بریفنگز دیں بلکہ غیر ملکی انٹیلی جنس رپورٹس نے بھی بھارتی دعوؤں کی نفی کی اور متعدد بھارتی جنگی طیاروں، بشمول جدید رافیل جیٹس، کی تباہی کی تصدیق کی۔

پاکستانی فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے 6 بھارتی جنگی طیارے، ایس-400 ایئر ڈیفنس سسٹمز، ڈرونز اور متعدد فضائی اڈے ناکارہ بنا دیے، جبکہ بھارت ایک بھی پاکستانی طیارے کو نشانہ بنانے میں ناکام رہا۔

وزیر دفاع نے بھارت کو کھلے عام چیلنج کیا کہ دونوں ممالک اپنے طیاروں کے نقصانات کی فہرستیں آزاد ماہرین کے سامنے پیش کریں تاکہ عالمی برادری اصل حقائق جان سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسا کرنے سے گریز اس کے جھوٹ کو مزید بے نقاب کرے گا۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور امن کے قیام کے لیے قومی عزم، اخلاقی برتری اور پیشہ ورانہ مہارت ہی اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جھوٹے بیانات نہ صرف خطے کے امن کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں بلکہ ایٹمی طاقتوں کے درمیان غلط فہمیوں کو جنم دے سکتے ہیں۔

پاکستان کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے نہایت اعتماد کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، اور ملک نے ایک بار پھر اپنی دفاعی صلاحیت، قومی وقار اور امن کی خواہش کو نمایاں کیا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button