خوبصورت لڑکیوں کو دیکھنے پی ٹی وی جایا کرتا تھا،اداکار بن گیا ، ایوب کھوسہ
پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے سینئر اور باصلاحیت اداکار ایوب کھوسہ نے اپنے شوبز کیرئیر کے آغاز کا ایک دلچسپ قصہ سناتے ہوئے سب کو حیران کر دیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ پی ٹی وی صرف خوبصورت لڑکیاں دیکھنے جایا کرتے تھے، مگر قسمت نے انہیں شوبز کا بڑا نام بنا دیا۔
اداکار نے بتایا کہ ایک دن پی ٹی وی کے جنرل منیجر کریم بلوچ سے ملاقات ہوئی، جنہوں نے ان سے پوچھا کہ وہ پی ٹی وی کیسے آئے؟ ایوب کھوسہ نے ہنس کر جواب دیا کہ وہ "بس گھومنے آئے ہیں”۔ کریم بلوچ صاحب نے فوراً پوچھا، "کیا آپ ڈرامہ کرنا چاہتے ہیں؟”۔ ایوب کھوسہ نے ڈرامے کی خواہش ظاہر کی اور اسی موقع پر ان کا کیریئر بلوچی ڈراموں سے شروع ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے گھر والوں نے اس حوالے سے کوئی خاص ردعمل ظاہر نہیں کیا، البتہ والد صاحب کو فکر تھی کہ کہیں تعلیم متاثر نہ ہو۔ ایوب کھوسہ نے اپنی تعلیم مکمل کی، مگر والد کی خواہش کے برعکس بیوروکریٹ بننے کے بجائے انہوں نے اداکاری اور آرٹ کو اپنا کیریئر بنایا۔
اپنے منفرد انداز میں سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
"اگر کوئی لڑکی ایک تصویر لگائے تو ہزاروں لائکس ملتے ہیں، مرد کچھ پوسٹ کرے تو بس چند لائکس پر گزارا کرنا پڑتا ہے۔”





