
ویب ڈیسک: پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے دبئی ایکسپو سٹی میں ایک عظیم الشان تقریب 10 اگست کو منعقد کی جائے گی، جس میں 60 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ یہ تقریب پاکستانی ثقافت، فنون اور سفارتی تعلقات کے رنگوں سے سجی ہوگی۔
تقریب کا عنوان "Emirates Loves Pakistan” رکھا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مضبوط برادرانہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ ایونٹ کا انعقاد پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے اشتراک اور دبئی پولیس کی معاونت سے کیا جا رہا ہے۔
اعلیٰ سطحی مہمانوں کی شرکت
تقریب کے مہمانِ خصوصی متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی ہوں گے۔
ثقافت، فن اور موسیقی کا حسین امتزاج
ایونٹ میں صوفی موسیقی، لوک رقص، فنونِ لطیفہ اور ثقافتی ورثے کی جھلک پیش کی جائے گی۔ معروف پاکستانی گلوکار ساحر علی بگا، نتاشا بیگ اور فنکار یوسف بشیر قریشی اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کے دل جیتیں گے۔
کمیونٹی خدمات کا اعتراف
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کو ان کی سماجی و فلاحی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے بھی نوازا جائے گا۔
پاکستان-یو اے ای دوستی، 50 سالہ تعلقات کا جشن
واضح رہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کو 50 سال سے زائد ہو چکے ہیں، جبکہ یو اے ای کی پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔