
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 14 اگست سے ملک میں مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔ اس سلسلے کے دوران اربن فلڈنگ اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سسٹم بالخصوص بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اور خطہ پوٹھوہار کو متاثر کرے گا، جبکہ جنوبی پنجاب کے کچھ علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ موجودہ بارشوں کا سلسلہ بھی مزید ایک سے دو دن جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کی صورت میں شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے، جس کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو موسم کو قدرے خوشگوار بنا سکتی ہے۔