
اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق قائد حزب اختلاف کا عہدہ اب خالی تصور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایوان میں تین اہم پارلیمانی عہدوں سے محروم کر دیا گیا ہے۔ عمر ایوب کے ساتھ ساتھ زرتاج گل سے پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ سے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر کی واپسی کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
یہ پیش رفت انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی گئی سزاؤں کے بعد سامنے آئی ہے۔ ان سزاؤں کی بنیاد پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مذکورہ رہنماؤں کو نااہل قرار دیا، جس کے نتیجے میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی ذرائع نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے، جبکہ حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔