بالی ووڈ اداکارہ شویتا مینن کے خلاف ایف آئی آر درج، فحش مواد کا الزام
ممبئی: ماضی میں شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان جیسے بڑے بالی ووڈ ستاروں کے ساتھ کام کرنے والی معروف بھارتی اداکارہ شویتا مینن کے خلاف ایرناکولم کی عدالت کے حکم پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 51 سالہ اداکارہ کے خلاف یہ کارروائی چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے حکم پر عمل میں آئی، جس میں عدالت نے پولیس کو اداکارہ کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
الزام: فلموں اور اشتہارات میں بیہودہ مواد
میڈیا رپورٹس کے مطابق شویتا مینن پر الزام ہے کہ ان کی فلموں اور اشتہارات میں "بیہودہ اور نامناسب” مواد شامل ہے، جو معاشرتی اقدار کے خلاف تصور کیا جا رہا ہے۔ یہ شکایت ایک سماجی کارکن کی جانب سے درج کروائی گئی، جس کے بعد کیس نے قانونی رخ اختیار کیا۔
عدالت کا حکم اور قانونی کارروائی
عدالت نے ابتدائی شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی، جس کے تحت پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔ تاہم، شویتا مینن کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
شویتا مینن کا فلمی کیریئر
شویتا مینن ماضی میں کئی ہندی اور ملیالم فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’اشوکا‘، سلمان خان کے ساتھ ’بندھن‘ اور عامر خان کے ساتھ فلم ’عشق‘ میں نظر آ چکی ہیں۔ اداکارہ کو جنوبی بھارت کی فلمی صنعت میں بھی خاصی شہرت حاصل رہی ہے۔





