پاکستانتازہ ترین

"بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا 50 واں ایڈیشن ربیع الاول میں بھرپور انداز میں منعقد ہوگا: سردار محمد یوسف”

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ ربیع الاول کی بابرکت مناسبت سے 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کو بھرپور عقیدت و احترام اور شایانِ شان طریقے سے منعقد کیا جائے گا۔

اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ رواں برس کانفرنس کا مرکزی موضوع "سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں” مقرر کیا گیا ہے، تاکہ نوجوان نسل کو سیرتِ طیبہ ﷺ اور اسلامی تعلیمات کے روشن پہلوؤں سے آگاہ کیا جا سکے۔

وزیر مذہبی امور نے مزید بتایا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے موجودہ ہجری سال کو رسولِ رحمت ﷺ کے 1500 ویں سالِ ولادت کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے، جسے "نبی الرحمہ ﷺ” کے عنوان سے موسوم کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ کے تحت متنوع تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں سیرت و نعت کی محافل، علمی و تربیتی سرگرمیاں اور خصوصی تعلیمی پروگرام شامل ہوں گے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے سیرتِ نبوی ﷺ پر تحقیق و تصنیف کرنے والے سیرت نگاروں، مقالہ نویسوں اور ادبی مصنفین کی حوصلہ افزائی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ بہترین مقالہ جات کو انعامات سے نوازا جائے گا اور ان علمی کاوشوں کو کتابی شکل دے کر پالیسی ساز اداروں اور نوجوان نسل تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس باوقار بین الاقوامی کانفرنس میں ملک و بیرونِ ملک سے نامور علما، مفکرین، اور اسکالرز شرکت کریں گے، جن کی موجودگی سے فکری و علمی تبادلہ خیال کو فروغ ملے گا، اور امتِ مسلمہ کو درپیش عصری چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں مدد حاصل ہو گی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button