پاکستانتازہ ترین

"کل احتجاج میں عوام کی کم شرکت پر پارٹی اور عمران خان سے بات کروں گا: سلمان اکرم راجہ”

راولپنڈی پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے ملک گیر احتجاج نے واضح کیا کہ عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، اور مستقبل میں یہ تحریک مزید مؤثر انداز میں منظم کی جائے گی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کا مقدمہ آئین و قانون کے خلاف ہے، جبکہ سائفر کیس میں بھی شفاف ٹرائل کے اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کی واضح ہدایات موجود ہیں کہ اگر میڈیا، وکلا اور اہل خانہ کو رسائی نہ دی جائے تو یہ اوپن ٹرائل نہیں کہلا سکتا۔

سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ وہ اور محمود خان اچکزئی گزشتہ رات 11 بجے تک عمران خان کی بہنوں کے ہمراہ چکری انٹرچینج پر موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر کسی بھی منتخب نمائندے کو احتجاج سے غیر حاضر نہیں رہنا چاہیے، اور اگر کوئی معقول وجہ نہ ہو تو اس کا جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کل کا احتجاج کئی حوالوں سے کامیاب رہا اور آئندہ احتجاج کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پارٹی سطح پر مشاورت کی جائے گی۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے بھی کل کے احتجاج کو کامیاب قرار دیا ہے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق ملک بھر کے 170 اضلاع، تحصیلوں اور یونین کونسلز میں بھرپور عوامی شرکت نے ثابت کیا کہ قوم آج بھی بانی پی ٹی آئی کے بیانیے کے ساتھ ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ عوامی تحریک انصاف، آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے جاری ہے، جو ہر سطح پر مضبوط اور پرامن انداز میں جاری رہے گی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button