
بھنڈی: قدرتی ملٹی وٹامن، روزانہ استعمال سے صحت کے حیران کن فوائد
لاہور: سبزیوں کی فہرست میں شامل ایک عام مگر انتہائی مفید سبزی بھنڈی کو اگر روزمرہ خوراک کا حصہ بنایا جائے تو یہ انسانی صحت پر حیرت انگیز مثبت اثرات ڈال سکتی ہے۔ ماہرینِ غذائیت کے مطابق، بھنڈی کو بجا طور پر "قدرتی ملٹی وٹامن” کہا جاتا ہے۔
شوگر اور بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند
بھنڈی کے بیج اور گودے میں ایسے قدرتی اجزاء موجود ہیں جو خون میں شوگر جذب ہونے کی رفتار کو سست کرتے ہیں، جو کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔ اس میں موجود میگنیشیم، پوٹاشیم اور کیلشیئم ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
دل اور نظامِ ہاضمہ کے لیے مفید
اس میں موجود فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس نہ صرف کولیسٹرول کو کم کرتے ہیں بلکہ دل کو بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔ فائبر کی وافر مقدار قبض سے بچاتی ہے اور نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتی ہے۔
ہڈیوں، جوڑوں، جلد اور بالوں کی صحت
بھنڈی میں پایا جانے والا وٹامن K اور فولاد ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ جوڑوں کی سوزش میں کمی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ وٹامن C جلد کو چمکدار اور بالوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
صحت بخش طریقہ پکانے کا مشورہ
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ بھنڈی کو کم تیل میں ہلکی آنچ پر پکایا جائے اور فرائی سے پرہیز کیا جائے۔ اگر اسے ٹماٹر، ادرک اور لہسن کے ساتھ پکایا جائے تو اس کی غذائیت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔