
لاہور: محکمہ تعلیم پنجاب نے غریب، مستحق اور اسپیشل بچوں کے لیے ایک بڑا اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے نجی اسکولوں میں مفت تعلیم دینے کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں پرائیویٹ اسکول آرڈیننس 2014 کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، محکمہ تعلیم نے تمام ضلعی ایجوکیشن آفیسرز کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت نجی اسکولوں سے ان بچوں کی فہرستیں مرتب کروائی جائیں گی جو بغیر کسی فیس کے تعلیم حاصل کریں گے۔
سروے کا کام 31 اگست تک مکمل ہونے کا امکان
وزارت تعلیم نے نجی اسکولوں سے ان بچوں کی تفصیلات طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جنہیں اسکول میں داخلہ دیا گیا ہے یا دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد ایک جامع سروے کیا جائے گا جو 31 اگست 2025 تک مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔
نئی پالیسی کا مقصد: تعلیم سب کے لیے
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیم کے شعبے میں مساوات کو فروغ دینا، مستحق اور خصوصی بچوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنا اور نجی تعلیمی اداروں کو سماجی ذمہ داری کا احساس دلانا ہے۔