پاکستانتازہ ترین

’اس بار ہندوستان کے مشرق سے آغاز کریں گے‘؛ ترجمان پاک فوج کی مودی کو وارننگ

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اس بار پاکستان کا ردعمل مشرقی محاذ سے شروع ہوگا اور حملہ بھارت کے اندر گہرائی تک ہوگا۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "بھارت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ بھی ہر جگہ مارے جا سکتے ہیں۔”

برطانوی جریدے دی اکنامسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے دفاعی اور داخلی سیاسی معاملات پر کھل کر بات کی۔ بھارتی رویے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی افواج مکمل طور پر تیار اور چوکس ہیں، اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور غیر معمولی جواب دیا جائے گا۔

آرمی چیف کے صدر بننے کی افواہیں بے بنیاد ہیں
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اُن خبروں کو بھی سختی سے مسترد کر دیا جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو صدر پاکستان بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام خبریں بے بنیاد، من گھڑت اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کی بھی تردید
اس معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کو نشانہ بنانے والی سوشل میڈیا مہم کے پیچھے کون ہے، حکومت جانتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو صدر کے استعفے کی کوئی بات ہو رہی ہے، نہ ہی آرمی چیف کے صدارت سنبھالنے کا کوئی امکان زیر غور ہے۔

پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے بھی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری ملک کے آئینی و قانونی صدر ہیں، اور ان کے خلاف قیاس آرائیوں میں کوئی حقیقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی خبریں پھیلانے والے نہ آئین کو سمجھتے ہیں اور نہ قانون کو۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button