پاکستانتازہ ترین

افغان شہریوں کی واپسی کے حوالے سے وزارت داخلہ کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے ایک اہم اور مثبت پیشرفت کرتے ہوئے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ ہولڈر افغان شہریوں کی باعزت اور منظم وطن واپسی کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی اجلاس کے بعد جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق افغان شہریوں کی رضاکارانہ وطن واپسی کا عمل یکم ستمبر 2025 سے مرحلہ وار شروع کیا جائے گا، تاکہ سیکیورٹی خدشات پر قابو پایا جا سکے اور ملکی وسائل پر دباؤ کم ہو۔

وزارت داخلہ نے واپسی کے عمل کو مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے نادرا، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ نادرا بارڈر ٹرمینلز پر رجسٹریشن ختم کرے گا جبکہ ایف آئی اے نامزد بارڈر پوائنٹس پر سہولت فراہم کرے گا۔

مزید برآں، حکومت نے وطن واپس جانے والوں کے لیے ٹرانزٹ ایریاز، مالی امداد اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا بھی بندوبست کیا ہے تاکہ یہ عمل انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔ اس تمام عمل کی نگرانی فارن نیشنل سیکیورٹی ڈیش بورڈ کرے گا۔

یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے 2023 میں افغان مہاجرین کی واپسی کی پالیسی کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت اب تک 10 لاکھ سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طور پر وطن واپس جا چکے ہیں، جن میں سے 2 لاکھ صرف اپریل 2025 کے بعد وطن لوٹے ہیں۔

یہ اقدام نہ صرف قومی سیکیورٹی کو مضبوط بنائے گا بلکہ پاکستان کے وسائل کو بھی متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا، اور افغان مہاجرین کو اپنے وطن میں دوبارہ ایک بہتر زندگی شروع کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button