پاکستانتازہ ترین

آنٹی ریحانہ ہوں یا کوئی اور، ا حتجاج کا حق آئینی ہے مگر قانون کی پاسداری ضروری ہے،، طلال چوہدری

طلال چوہدری
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون سب کے لیے برابر ہے، چاہے کوئی "آنٹی ریحانہ” ہو یا 80 سالہ شہری، قانون شکنی پر کارروائی ہو گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی جماعت کو پرامن احتجاج سے نہیں روکتی، لیکن اس کے لیے قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ اگر مظاہرین انتظامیہ کو پیشگی اطلاع دیں گے، تو سیکیورٹی اور تحفظ کی ذمہ داری حکومت لے گی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے یومِ استحصالِ کشمیر اور پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے تناظر میں چاروں صوبوں کے ساتھ اجلاس کیا۔ اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ مظاہرین سے رابطہ کر کے ان کے مقاماتِ احتجاج معلوم کیے جائیں، لیکن کسی نے انتظامیہ سے رابطہ نہیں کیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مظاہرین بغیر اطلاع کے منصوبے بناتے ہیں، اور پھر اچانک میڈیا سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کہاں جمع ہو رہے ہیں۔ "ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ بغیر اطلاع کوئی مجمع جمع ہو اور قانون شکنی کرے۔”

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ اکثر احتجاجات اُن دنوں رکھے جاتے ہیں جب ملک کا کوئی قومی مفاد وابستہ ہوتا ہے، جو بدنیتی کا اشارہ دیتا ہے۔

سیکیورٹی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کوئی نیا فوجی آپریشن شروع نہیں کیا جا رہا۔ باجوڑ سمیت دیگر علاقوں میں معمول کے اقدامات جاری ہیں۔ تاہم انہوں نے ان علاقوں کی سیاسی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ سیکیورٹی فورسز نہیں، بلکہ بعض سیاسی رہنماؤں کی کمزور سیاسی بصیرت اور غیر سنجیدگی ہے۔

آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی حکومت اب مزید غیر ذمے داری برداشت نہیں کرے گی۔ “کے پی اور بلوچستان کی قیادت کو اپنے فرائض کا ادراک کرنا ہوگا، ورنہ نقصان ریاست کو اٹھانا پڑے گا۔”

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button