پاکستانتازہ ترین

آئیں ہم سب توبہ کریں اور ایک دوسرے کو معاف کریں: محمود خان اچکزئی

اسلام آباد: پشتونخوا عوامی پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران مفاہمت، آئین کی بالادستی اور ایک نئی سیاسی شروعات کا پرزور مطالبہ کیا۔ انہوں نے ایوان میں تمام سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ "آئیں، ہم سب توبہ کریں اور ایک دوسرے کو معاف کریں۔”

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا حل سیاسی اتفاق رائے اور جمہوری اداروں کے احترام میں ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سے مخاطب ہوتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے آئینی اصولوں پر سختی سے کاربند رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "آپ نے کہا کہ ایک ممبر نے آئین کی پاسداری نہیں کی، مگر ایوان کے کسٹوڈین کی حیثیت سے آپ کو غیر جانبدار کردار ادا کرنا ہوگا۔”

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جن اراکین اسمبلی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، اس عمل کی تحقیق ہونی چاہیے اور متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ محمود خان اچکزئی نے بانی پی ٹی آئی کو ملک کا مقبول ترین رہنما قرار دیتے ہوئے سیاسی قوتوں کو باہمی گفت و شنید کی دعوت دی۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی کہا کہ تمام فریقین کو ایک میز پر بیٹھ کر بات کرنی ہوگی، اور ماضی کے پروڈکشن آرڈرز کا ریکارڈ سامنے لایا جائے تاکہ حقائق واضح ہو سکیں۔ اسپیکر نے محمود خان اچکزئی سے اپیل کی کہ وہ اس عمل کا آغاز کریں۔

اپنے خطاب میں محمود خان اچکزئی نے عالمی معاملات پر بھی بات کی اور کہا کہ ایوان کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف قرارداد منظور کرنی چاہیے اور اسے بین الاقوامی عدالت انصاف میں لے جانے کا مطالبہ کیا جانا چاہیے۔

آخر میں انہوں نے نئی سیاست کے آغاز کی ضرورت پر زور دیا، جس میں تمام فیصلے پارلیمان کرے، صوبوں کو ان کے وسائل کا مکمل اختیار دیا جائے اور ملک میں آئین کی مکمل بالادستی قائم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر خانہ جنگی ہوئی تو اس کی ذمے داری شہباز شریف کی حکومت پر ہوگی۔”

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button