یروشلم / غزہ (عالمی خبر رساں ادارے) – اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ میں فوجی آپریشن کو وسعت دینے اور پوری غزہ پٹی پر قبضے کا عندیہ دے دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نیتن یاہو آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں اس حوالے سے اہم فیصلہ کر سکتے ہیں۔
اسرائیل کے معروف نشریاتی ادارے چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق، زیر غور منصوبے میں نہ صرف غزہ کے تمام علاقوں پر فوجی کنٹرول حاصل کرنے کی کوششیں شامل ہیں، بلکہ ان مقامات پر بھی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں جہاں یرغمالیوں کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
🇵🇸 غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر گیا
ادھر غزہ میں اسرائیلی فوج کے تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں 74 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں 34 افراد وہ تھے جو امداد کے منتظر تھے۔
اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ:
"غزہ میں جاری بمباری، خوراک کی قلت اور صحت کی سہولیات کے فقدان کے باعث روزانہ 28 بچے جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔”
اقوام متحدہ کی عالمی برادری سے اپیل
اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی امدادی اداروں نے فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی اور متاثرہ علاقوں میں طبی و غذائی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا ہے۔





