
راولپنڈی: یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر افواجِ پاکستان نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ائیراسٹاف نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے، جب کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ عالمی اصولوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بھارت کی جانب سے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں اور انہیں کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کے جابرانہ اقدامات، اشتعال انگیز بیانات اور مسلسل فوجی دباؤ نہ صرف خطے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ یہ کشمیری عوام کے لیے انسانی المیے کو مزید گہرا کر رہے ہیں۔
افواجِ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ، پُرامن اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کے بغیر ممکن نہیں۔
آخر میں، افواجِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان، کشمیری عوام کے ساتھ ہر فورم پر کھڑی ہیں اور ان کے حقِ آزادی کی جدوجہد میں ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گی۔